ایک کتا… بھی اپنا نفع اور نقصان اچھی طرح جانتا ہے
شام کے وقت چھت پر بیٹھا سڑک کا منظر اور گاڑیوں کی آمدورفت دیکھ رہا تھا۔ گاڑیوں کی آوازیں، مسلسل ہارن، اور دوڑتی دنیا کا ایک عام سا منظر۔ اس دوران سڑک کنارے پر کھڑے ایک کتے پر نظر پڑی…
وہ سڑک کے ایک کنارے پر خاموشی سے کھڑا تھا۔ اس کی نظریں دوسری طرف تھیں ، جیسے کوئی ہدف ذہن میں ہو۔ وہ جانا چاہتا تھا ، سڑک پار کرنا چاہتا تھا۔ لیکن سامنے تیزی سے گزرتی گاڑیوں کا ریلا تھا۔ کوئی جلدباز ہوتا تو شور مچاتا ، دوڑ پڑتا ، یا شاید حادثے کا شکار ہو جاتا۔ مگر وہ کتا نہیں ، اس نے کچھ نہیں کیا ، بس انتظار کیا…
پانچ منٹ گزر گئے۔ اس کی آنکھیں مسلسل سڑک پر ، دائیں بائیں گاڑیوں کی آمد کا جائزہ لیتی رہیں۔ وہ ایک لمحہ چاہتا تھا درست لمحہ۔ جیسے ہی ٹریفک کی روانی تھمی ، اس نے سر اٹھایا ، دونوں جانب دیکھا ، خطرے کا اندازہ لگایا… اور پھر اطمینان سے سڑک پار کر گیا۔
یہ ایک معمولی سا منظر تھا ، لیکن میرے لیے غیرمعمولی سبق لے کر آیا۔
زندگی میں بھی ہم اکثر جلد بازی میں فیصلے کرتے ہیں ، شور مچاتے ہیں ، یا حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں۔ مگر جو صبر کرتا ہے ، حالات کو سمجھتا ہے ، خطرات کا جائزہ لیتا ہے ، وہ نہ صرف اپنا مقصد حاصل کرتا ہے بلکہ خود کو محفوظ بھی رکھتا ہے۔
ـ