پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان رابطہ

پہلگام حملے کے خلاف پاکستان پر بھارت کی جوابی کارروائی کے بعد دونوں ملکوں کی طرف سے بیان بازی میں اضافے کے باوجود، سفارتی راستے کھلے نظر آرہے ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان رابطے کی تصدیق کی۔

ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بیک چینل ڈپلومیسی سے متعلق سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سکیورٹی حکام کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، “ہاں دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔”

حکومت پاکستان کے ایک اعلیٰ اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ قومی سلامتی مشیرلیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک، جو کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں، نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈووال سے بات کی ہے۔ جو ان کے مطابق کشیدگی میں کمی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

پاکستانی اہلکار نے کہا کہ بحران کے وقت مواصلات کے اس طرح کے ذرائع ضروری تھے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی ایکٹرز کی پردے کے پیچھے سفارتی کوششوں کے بعد دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں نے رابطے کیے۔

دونوں جانب سے فائرنگ جاری

بدھ کو بھارت کے میزائیل حملوں کے بعد جاری تشدد میں مجموعی طور پر سرحد کے دونوں اطراف سے اب تک کم از کم 43 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

اسلام آباد نے کہا کہ بھارتی حملوں اور سرحد پر فائرنگ سے 31 شہری ہلاک ہوئے، جبکہ نئی دہلی نے پاکستانی گولہ باری سے کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور بھارتی افواج کے درمیان چھوٹے ہتھیاروں اور توپوں سے شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔

اس دوران بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے سری نگر اور گاندر بل سے متعدد لوگوں نے ڈی ڈبلیو اردو کو بتایا کہ نئی صورت حال میں ان کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ ممکنہ جنگ کے خدشے کے پیش نظر لوگوں نے ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رات بھر فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔